کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن میں پہلی کامیابی حاصل کرنے پر شاہد آفریدی کراچی کنگز کے کھلاڑیوں کو مبارکباد دینے میدان میں پہنچ گئے اور انہیں گلے بھی لگایا۔
پاکستان سپرلیگ کے اہم میچ میں کراچی کنگز نے ابتدائی تین میچز میں مسلسل شکست کے بعد بالآخر چوتھے میچ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی۔
کراچی کنگز کی جانب سے دئیے گئے 186 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی ٹیم 18 ویں اوور میں 118 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی، یوں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو باآسانی 67 رنز سے شکست دی۔
پی ایس ایل 8 میں پہلی کامیابی حاصل کرنے پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کراچی نیشنل بینک کرکٹ ارینا میں کراچی کنگز کے کھلاڑیوں سے سٹیڈیم میں ملاقات کی۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ کراچی کو پی ایس ایل میں رہنا چاہیے، آج کراچی کنگز اچھی ٹیم کے خلاف جیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی ٹورنامنٹ ہونے دیں پھر سب کی کارکردگی دیکھیں گے، ایک میچ پر کسی نوجوان کو نہ چڑھایا کریں ، توقعات کا پریشر آ جاتا ہے، ابھی کھیلنے دیں۔
واضح رہے کہ شاہد آفریدی بھی ماضی میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرچکے ہیں۔