ملتان: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ 8 کے 11 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 3 رنز سے شکست دے دی۔
سنسنی خیز مقابلے کے آخری اوور میں کراچی کنگز کی ٹیم 2 چھکے مارنے اور عباس آفریدی کی جانب سے 2 وائیڈ بالز کرانے کے باوجود 22 رنز نہیں بنا سکی۔
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) February 22, 2023
پاکستان سپر لیگ 8 کے 11 ویں میچ نے شائقین کے دلوں کی دھڑکنیں بے ترتیب کر دیں، کراچی کنگز کے اوپنرز نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو 72 رنز کا آغاز فراہم کیا، میتھیو ویڈ 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
جیمز ونس نے شروع سے ہی جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 20 گیندوں پر ایونٹ کی تیز ترین نصف سنچری جڑ دی تاہم وہ 75 کے انفرادی سکور پر رن آؤٹ ہوگئے، جیمز ونس نے 7 چوکے، 6 چھکے لگائے، شعیب ملک 14، حیدر علی12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) February 22, 2023
کپتان عماد وسیم نے 26 گیندوں پر 46 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی، عباس آفریدی نے 2 جبکہ اسامہ میر اور خوشدل شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر رضوان الیون کو بیٹنگ کی دعوت دی، ملتان سلطانز کی جانب سے کپتان محمد رضوان نے 4 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 64 گیندوں پر دھواں دار 110 رنز بنائے۔
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) February 22, 2023
ملتان سلطانز نے 2 وکٹ کے نقصان پر 196 رنز کا مجموعہ بورڈ پر سجایا، رائلی روسو نے 29 رنز کی اننگز کھیلی شان مسعود نے کم بیک کرتے ہوئے پی ایس ایل 8 کی پہلی ففٹی بنائی، شان مسعود نے 33 گیندوں پر 51 رنزبنائے جس میں ایک چھکا، 6 چوکے شامل تھے۔
کراچی کنگز کے محمد عمر اور شعیب ملک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی جبکہ عماد وسیم، عمران طاہر، عامر یامین اور عاکف جاوید وکٹ سے محروم رہے۔
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) February 22, 2023
ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں پی ایس ایل 8 کا یہ آخری میچ ہے، اس کے بعد ایونٹ 26 فروری سے لاہور منتقل ہوجائے گا، ملتان سلطانز نے اب تک 5 میچ کھیلے جن میں سے 4 جیتے جبکہ ایک میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) February 22, 2023
کراچی کنگز کی ٹیم بھی 5 میچز کھیل چکی ہے اور اس نے صرف ایک میچ جیتا جبکہ 4 میچ ہارے ہیں، ٹیبل پوائنٹس پر ملتان سلطانز پہلے نمبر پر جبکہ کراچی کنگز چوتھے نمبر پر براجمان ہے۔
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) February 22, 2023
کراچی کنگز کی ٹیم میں جیمز وینس، حیدر علی، شعیب ملک، عرفان احمد، میتھیو ویڈ، عماد وسیم شامل بین کٹنگ، عاکف جاوید، محمد عمر، عمران طاہر اور عامر یامین شامل ہیں۔
ملتان سلطانز میں محمد رضوان، شان مسعود، رائلی روسو، ڈیوڈ ملر، کیرون پولارڈ خوشدل شاہ، کارلوس بریتھویٹ، اسامہ میر، محمد الیاس، عباس آفریدی اور احسان اللہ شامل ہیں۔
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) February 22, 2023