کراچی: (دنیا نیوز) 168 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی 14.1 اوورز میں 95 رنز پر 7 وکٹیں گر گئیں۔
پاکستان سپر لیگ8 کے 14 ویں میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جیت کیلئے 168 رنز کا ہدف دیا تھا۔
کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنائے، کپتان عماد وسیم 14 اور شعیب ملک 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
کراچی کے لیے آج پی ایس ایل کا ڈیبیو کرنے والے طیب طاہر نے 46 گیندوں پر 65 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، اس کے علاوہ میتھیو ویڈ 46 اور جیمز ونس 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے احسان اللہ نے 2 جب کہ انور علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں ہونے والے میچ میں سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیتا اور کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ میچ میں کامیابی سمیٹ کر پوائٹس ٹیبل پر اپنی پہلی پوزیشن مستحکم کریں۔
کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہنا تھا کہ میچ میں فتح حاصل کرنا چاہتے ہیں، یہ ہوم گراؤنڈ پر ہمارا آخری میچ ہے، کوشش ہوگی اچھی پرفارمنس دیں۔
دوسری جانب کراچی کنگز کے سکواڈ میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں، فاسٹ بولر محمد عامر، حیدر علی اور عمران طاہر کو آرام کروایا گیا ہے جبکہ محمد موسیٰ، طیب طاہر اور تبریز شمسی پلیئنگ الیون کا حصہ ہوں گے۔