ویلنگٹن: (ویب ڈیسک) ویلنگٹن میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں میزبان نیوزی لینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو ایک رن سے شکست دے دی۔
میزبان نیوزی لینڈ نے فالو آن ہونے کے بعد ٹیسٹ میچ ایک رن سے جیتا جس کے نتیجے میں دو ٹیسٹ میچز کی سیریز ایک ایک سے برابر ہو گئی۔
دوسرے ٹیسٹ میچ میں مہمان انگلش ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 435 رنز 8 وکٹ کے نقصان پر اننگز ڈکلیئر کردی تھی، جواب میں کیوی ٹیم 209 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی جس پر انگلینڈ نے میزبان ٹیم کو فالو آن کرانےکا فیصلہ کیا۔
نیوزی لینڈ نے دوسری اننگز 226 رنز کے خسارے کے ساتھ شروع کی اور 483 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
انگلش ٹیم کو جیت کے لیے 258 رنز کا ہدف ملا تاہم ٹیسٹ میچ کے آخری روز کیوی باؤلرز کی شاندار باؤلنگ کے سامنے انگلش بیٹر نہ ٹھہر سکے اور پوری ٹیم 256 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور یوں نیوزی لینڈ ویلنگٹن ٹیسٹ صرف ایک رن سے جیت گیا۔
خیال رہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں 1 رن سے میچ جیتنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے اس سے قبل جنوری 1993 میں ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کو ایک رن سے ہرایا تھا۔
اس کے علاوہ نیوزی لینڈ فالو آن کے بعد ٹیسٹ جیتنے والی تیسری ٹیم بھی بن گئی ہے، اس سے قبل انگلینڈ نے دو مرتبہ اور بھارت نے ایک مرتبہ فالو آن کے بعد کامیابی حاصل کی ہے۔