لندن : ( ویب ڈیسک ) برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان ناردرن آئرلینڈ پروٹوکول کے معاملے پر اشیا کی ترسیل کے حوالے سے معاہدہ طے پا گیا، بریگزٹ کے بعد طے پانے والے نئے معاہدے کا مقصد شمالی آئرلینڈ پر طویل عرصے سے جاری تجارتی تنازع کو حل کرنا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ونڈسر، انگلینڈ میں برطانیہ کے وزیر اعظم رشی سونک اور یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیئن کے درمیان اعلیٰ سطحی بات چیت کے بعد ناردرن آئرلینڈ پروٹوکول کے معاملے پر برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان اشیا کی ترسیل کے حوالے سے معاہدہ طے پا گیا۔
رشی سونک کا ارسلا وان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا ہم نے اب ایک فیصلہ کن پیش رفت کی ہے اور مل کر اصل پروٹوکول کو تبدیل کر دیا ہے اور آج نئے ونڈسر فریم ورک کا اعلان کر رہے ہیں، آج کا معاہدہ پورے برطانیہ میں ہموار تجارت اور شمالی آئرلینڈ کے لوگوں کی خودمختاری کا تحفظ کرتا ہے۔
سونک نے اس پیش رفت کو برطانیہ، یورپی یونین تعلقات میں ایک نئے دور کے آغاز کے طور پر سراہا اور کہا کہ برطانیہ اور یورپی یونین کے مابین ماضی میں اختلافات ہوسکتے ہیں لیکن ہم اتحادی، تجارتی شراکت دار اور دوست ہیں اور یہ معاہدہ ہمارے تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ ری پبلک آئرلینڈ اور یورپین یونین جانے والی اشیا ریڈ لین سے گزریں گی اور چیک بھی ہوں گی، برطانیہ کی وی اے ٹی اور ایکسائز تبدیلیاں ناردرن آئرلینڈ پر بھی لاگو ہوں گی، برطانیہ میں منظور شدہ ادویات بھی ناردرن آئرلینڈ میں ملیں گی، ناردرن آئرلینڈ اسمبلی کو ان قوانین پر رائے دینے کے علاوہ انھیں لاگو کرنے سے روکنے کی بھی آزادی ہو گی۔