لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی منیبہ علی نے کہا ہے کہ پاکستان ویمن لیگ سے ہمیں کافی فائدہ ہوگا ، لیگ ہوگی تو ہمیں اندازہ ہوگا کہ دیگر ممالک کی پلیئرز گیم کو کیسے دیکھتی ہیں؟۔
نجی ٹی وی کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں قومی ویمن کرکٹر کا کہنا تھا کہ کافی پلیئرز کو موقع نہیں ملتا، ان کو سامنے لانے میں ویمن لیگ کا کردار اہم ہوگا، ہم ابھی بھی بہت کچھ سیکھ رہے ہیں، زیادہ وقت ملے گا تو مزید سیکھیں گے، یقین ہے کہ ویمن لیگ بھی پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کی طرح زبردست ایونٹ ہوگا۔
منیبہ علی نے کہا کہ ورلڈ کپ میں سنچری کرنا بہت بڑی بات ہوتی ہے، سنچری کرکے اعتماد ملا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں بڑی اننگز کھیل سکتی ہوں، میری خواہش ہے کہ دنیا کی دیگر لیگز میں جا کر بھی کھیلوں، کوشش ہوتی ہے کہ ہر بار اپنا گیم بہتر کروں، صلاحیتیں بڑھاؤں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور ٹاپ ٹیموں میں اب بھی فرق ہے جس کو دور کرنا ہے، ڈومیسٹک کرکٹ پر کام ہو اور تسلسل کے ساتھ ایونٹ ہوں تو ہماری ٹیم بہتر ہوگی۔