پاکستان اور افغانستان کے درمیان ٹی 20 سیریز کا شیڈول تبدیل کر دیا گیا

Published On 10 March,2023 01:36 am

لاہور : ( ویب ڈیسک ) افغانستان کرکٹ بورڈ ( اے سی بی ) کی جانب سے پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین ٹی 20 میچز کی سیریز کا شیڈول تبدیل کردیا گیا۔

افغانستان کرکٹ بورڈ کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کے شیڈول میں ردو بدل ہاک آئی ٹیکنالوجی کی عدم دستیابی کے باعث کرنا پڑا۔

افغان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری نئے شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کا پہلا ٹی 20 میچ 24 مارچ جبکہ دوسرا میچ 26 اور تیسرا میچ 27 مارچ کو شارجہ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل افغان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق شارجہ سٹیڈیم میں کھیلی جانے والی سیریز کا پہلا میچ 25 مارچ، دوسرا 27 مارچ اور تیسرا 29 مارچ کو کھیلا جانا تھا۔

Advertisement