لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کی ٹیم پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ پشاور زلمی کے ساتھ مزہ آیا ہے لیکن بدقسمتی سے آگے نہیں جاسکے، اپنے لیے جوگول بنایا تھا وہ حاصل کیا اور انجوائے کیا ہے۔
پی ایس ایل کے دوسرے ایلمینٹر میں لاہور قلندرز کے ہاتھوں شکست کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان پشاور زلمی کا کہنا تھا کہ آج کے میچ میں باؤلنگ اچھی نہیں ہوسکی، اونچ نیچ ہوتی رہتی ہے، انفرادی کارکردگی سے بڑھ کر ٹیم کی کارکردگی کی اہمیت ہوتی ہے۔
بابر اعظم نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کا آگے آنا بہت اچھی بات ہے، پی ایس ایل میں ہر سال نئے سے نیا ٹیلنٹ سامنے آتا ہے، پاکستان کی کرکٹ گروم کر رہی ہے، صائم ایوب اور محمد حارث سامنے آئے ہیں، یہ اچھی بات ہے کہ نوجوان مواقع سے فائدہ اٹھا رہے ہیں جس کا پاکستان کو فائدہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ محمد حارث کو پلان کے مطابق کھلاتے رہے ہیں، اُس نے بیٹنگ نمبر میں تبدیلی کو مثبت انداز میں لیا، نوجوان کرکٹرز کو بیٹنگ نمبر سے فرق نہیں پڑتا، حارث کو ہمیشہ یہی بتاتا ہوں کہ اپنی اننگز کو لمبی کرو۔
کراؤڈ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں بابر کا کہنا تھا کہ صرف لاہور میں نہیں ملتان ، کراچی اور راولپنڈی میں بھی کراؤڈ کی سپورٹ ملی ہے،مجھے ہر جگہ سپورٹ ملتی ہے جو کہ اچھی بات ہے۔