دورہ افغانستان، نیوزی لینڈ کیلئے پی سی بی مجھے ہیڈ کوچ بنانا چاہتا تھا، اظہر محمود

Published On 08 April,2023 05:13 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے سابق کرکٹر اظہر محمود نے کہا ہے کہ دورہ افغانستان اور نیوزی لینڈ کیلئے پی سی بی انتظامیہ مجھے ہیڈ کوچ بنانا چاہتی تھی پھر اچانک دوسرے کوچ کے ساتھ رابطہ کر لیا۔

اپنے ایک بیان میں سابق فاسٹ باؤلر نے کہا کہ میں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے رابطہ کرنے پر کوچنگ کی حامی بھی بھر لی تھی، مصروفیات کے باعث صرف افغانستان سیریز کیلئے کوچنگ کی حامی بھری تھی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے کوچنگ کرنے سے منع نہیں کیا تھا، یہ محض ایک افواہ تھی، میں اس وقت بھی کاؤنٹی کرکٹ میں سرے کی کوچنگ کر رہا ہوں، کوچ کیلئے ضروری ہے کہ وہ ہر وقت ٹیم کے ساتھ رہے۔

اظہر محمود نے کہا مکی آرتھر کا ڈربی شائر کے ساتھ 3 سال کا کنٹریکٹ ہے، مکی آرتھر جانتا ہے کہ پاکستان میں کسی وقت بھی حکومت اور بورڈ تبدیل ہو سکتے ہیں، پاکستان کرکٹ میں غیر یقینی کی سی صورتحال رہتی ہے۔

سابق کرکٹر نے مزید کہا کہ مجھے نہیں پتا کہ یہ طریقہ کار کیسے چلے گا، اگر بورڈ اس طرح خوش ہے تو پھر ٹھیک ہے۔