نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے ٹیم مینجمنٹ کا اعلان

Published On 07 April,2023 08:00 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے ٹیم مینجمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔

پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کی جانب سے کیے گئے فیصلے کے مطابق منصور رانا کی جگہ ریحان الحق کو قومی ٹیم کا منیجر مقرر کیا گیا ہے جبکہ گرانٹ بریڈ برن ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

عبدالرحمان معاون کوچ ہوں گے جبکہ اینڈریو پیوٹک بیٹنگ کوچ اور عمر گل بولنگ کوچ تعینات کیے گئے ہیں، اعلان کے مطابق کلف ڈکن فزیوتھراپسٹ، ڈرکس سائمن اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ کے فرائض نبھائیں گے۔

غیر ملکی کوچز 11 اپریل کو لاہور پہنچ کر ذمہ داریاں سنبھالیں گے، کوچنگ سٹاف کی تقرری صرف نیوزی لینڈ سیریز کے لیے کی گئی ہے،پی سی بی نے مذکورہ عہدوں پر طویل مدتی تقرری کے لیے اشتہار بھی جاری کیا ہے جس کے تحت درخواستیں دینے کی آخری تاریخ 17 اپریل ہے۔