لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر اور باؤلنگ کوچ عمر گل نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے ساتھ کام کرنے کا دوبارہ موقع ملنا میرے لئے فخر اور اعزاز کی بات ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے باؤلنگ کوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ کے لیے یہ خوش آئند بات ہے کہ اس وقت اچھے فاسٹ باؤلرز ہیں، کھلاڑیوں کے ساتھ انڈر سٹینڈنگ اور دوستانہ ماحول ہے اور وہ اچھا رسپانس دے رہے ہیں۔
عمر گل نے کہا کہ ہمارے پاس چھ ، سات فاسٹ باؤلرز ایسے ہیں جو 140 سے زائد سپیڈ کے ساتھ باؤلنگ کرتے ہیں ، اگر ورلڈکپ میں اچھا کرنا ہے تو باؤلرز کو فریش رکھنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ باؤلنگ سکلز اور ایکشن پر میں کم وقت میں کام نہیں کرسکتا، کوشش یہی ہے کہ کھیل کے بارے میں آگاہی پر زیادہ سے زیادہ کام کروں۔
انہوں نے مزید کہا کہ زمان خان کے ساتھ ڈیتھ اوورز کے لیے مزید کام کررہا ہوں، بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ سے قبل ہمیں اپنے فاسٹ باؤلرز کا خیال رکھنا ہے۔