اسلام آباد : ( ویب ڈیسک ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی پولیس نے مہمان کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ کو سکیورٹی فراہم کرنے پر رضا مندی ظاہر کر دی۔
دو روز قبل نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو دورہ پاکستان کے موقع پر اسلام آباد پولیس نے سکیورٹی فراہم کرنے سے معذرت کرتے ہوئے کہا تھا پولیس کو درکار سکیورٹی وسائل مہیا نہیں کیے گئے، وسائل اور اخراجات کی فراہمی پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کی ذمہ داری ہے۔
تاہم ، انسپکٹر جنرل ( آئی جی ) اسلام آباد اکبر ناصر خان نے اپنے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ پولیس نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو پاکستان میں فول پروف ورلڈ کلاس سکیورٹی فراہم کرے گی۔
آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ وفاقی پولیس مہمان کرکٹ ٹیم کو سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے ہر طرح سے لیس اور تیار ہے، پولیس نے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے علاوہ پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) میں بھی بھرپور سکیورٹی دی تھی۔
اکبر ناصر خان نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر راولپنڈی اور اسلام آباد میں سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
Islamabad Capital Police is fully equipped and shall provide end to end fool proof and World class security to New Zealand Cricket Team during their forthcoming visit.
— Islamabad Police (@ICT_Police) April 9, 2023
Islamabad Capital Police has provided the highest level of security during the visit of the English cricket…
یاد رہے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی 14، دوسرا 15 اور تیسرا میچ 17 اپریل کو لاہور میں کھیلا جائے گا، چوتھا اور پانچواں ٹی ٹوئنٹی 20 اور 24 اپریل کو راولپنڈی میں ہو گا، اس کے بعد ون ڈے سیریز کے دو میچز بھی راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔