فخر زمان نے ہوم سیریز کے لیے تربیتی کیمپ جوائن کر لیا

Published On 11 April,2023 01:31 am

لاہور: ( ویب ڈیسک ) قومی کرکٹ ٹیم کے بائیں ہاتھ کے اوپنر فخر زمان نے نیوزی لینڈ کے خلاف 14 اپریل سے شروع ہونے والی ہوم وائٹ بال سیریز کے لیے قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ کو جوائن کرلیا۔

بائیں ہاتھ کے اوپنر کو شاداب خان کی ٹیم سٹالینز کے خلاف انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچ کے لیے بابر اعظم کی قیادت میں بادشاہ لائن اپ میں بھی شامل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب فخر زمان نے گزشتہ روز اپنی 33 ویں سالگرہ بھی منائی اور پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک پیغام میں بتایا کہ ’ برتھ ڈے بوائے ‘ نے کیمپ جوائن کر لیا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم، امام الحق ، افتخار احمد، نسیم شاہ اور محمد حارث نے فخر زمان کو سالگرہ پر مبارکباد دی۔

بابر اعظم نے فخر زمان کو پیار سے جنگلی صاحب کہہ کر پکارا اور کہا کہ سالگرہ بہت بہت مبارک جنگلی صاحب، دعا ہے اللّٰہ پاک آپ کو لمبی زندگی اور خوشیا ں دے، جیسے آپ پاکستان کا نام روشن کرتے آئے ہیں ایسی ہی پرفارمنسز دیتے رہیں۔

افتخار احمد نے فخر زمان کو سالگرہ مبارک دیتے ہوئے کہا کہ دعا ہے کہ پاکستان کےلئے اچھی اچھی پرفارمنس دے کر لوگوں کےدلوں میں جگہ بناتے رہیں۔