افغانستان کے خلاف تمام نوجوان شارجہ بھیجنا ٹھیک نہیں تھا : محمد وسیم

Published On 11 April,2023 01:17 am

لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کہا ہے کہ شارجہ کی کنڈیشن میں فل سٹرینتھ افغانستان کے خلاف تمام نوجوان بھیجنا ٹھیک نہیں تھا، جونیئرز کے ساتھ کچھ سینئرز کو کھلانا بھی ضروری ہوتا ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سابق چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ جونیئرز کے ساتھ کچھ سینئرز کو کھلانا بھی ضروری ہوتا ہے، صائم ایوب اور محمد حارث جب بابر کی رہنمائی میں کھیلے تو فرق تھا، اگر بابر نہیں تو رضوان، اگر یہ دونوں نہیں تو فخر کو ٹیم کے ساتھ ہونا ضروری تھا۔

محمد وسیم نے کہا کہ نئے ٹیلنٹ کو چانس یا سینئرز کو آرام دینے کا موقع ہوم سیریز ہوتی ہے، نیوزی لینڈ کی سیریز کا معلوم تھا، اندازہ تھا کہ اہم پلیئرز نہیں ہوں گے، یہاں موقع بنتا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ فاسٹ باؤلر محمد عامر کو ٹیم میں واپس آنا ہے تو ریٹائرمنٹ واپس لیں اور ڈومیسٹک میں پرفارم کریں، فاسٹ باؤلنگ میں کافی اچھا مقابلہ ہے، انہیں محنت اور پرفارم کرنا ہوگا، جن پلیئرز پر انویسٹ کیا ہے ان کو ساتھ لے کر چلنا ضروری ہے۔