نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کیلئے لاہور پہنچ گئی

Published On 11 April,2023 03:09 am

لاہور : ( ویب ڈیسک ) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم پانچ ٹی 20 اور پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان پہنچ گئی۔

مہمان ٹیم کا ٹی 20 سکواڈ دبئی سے لاہور پہنچا جسے سخت سکیورٹی میں علامہ اقبال  ایئرپورٹ لاہور سے ہوٹل پہنچا دیا گیا ہے۔

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے پاکستان روانگی سے قبل کرائسٹ چرچ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے اپنے سکواڈ کی تصاویر اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی تھیں۔

مہمان ٹیم پاکستان کے خلاف 5 ٹی 20 میچز کی سیریزکھیلے گی ، پہلا ٹی 20 میچ 14 اپریل کو لاہور میں کھیلا جائے گا، دوسرا ٹی ٹوئنٹی 15 کو اور 17 اپریل کو تیسرا ٹی 20 بھی لاہور ہی میں کھیلا جائے گا، چوتھا اور پانچواں ٹی ٹوئنٹی 20 اور 24 اپریل کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان 5 ون ڈے میچز کی سیریز بھی کھیلی جائے گی، پہلا اور دوسرا ون ڈے 27 اور 29 اپریل کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، تیسرا، چوتھا اور پانچواں ون ڈے بالترتیب 3، 5 اور 7 مئی کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈبرن بھی لاہور پہنچ گئے ہیں اور انہوں نے ہوٹل میں پاکستانی ٹیم کو جوائن کر لیا ہے، انہیں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لئے ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ ایڈریو پیوٹک نے گزشتہ روز ٹیم کو جوائن کر لیا تھا۔