پی ایس ایل میں انجری کا شکار ہوا تو کسی نے خیریت تک نہیں پوچھی: رومان رئیس

Published On 26 April,2023 12:21 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر رومان رئیس نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے ایڈیشن میں انجری کا شکار ہوا تو کسی کرکٹر نے فون کر کے خیریت تک معلوم نہیں کی۔

معروف یوٹیوبر کو دیئے گئے انٹرویو میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے پیسر رومان رئیس نے بتایا کہ انجری کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو درخواست کی کہ مجھے انگلینڈ بھیجیں تاکہ اپنا چیک اَپ کروا سکوں تو کوئی مثبت جواب نہیں آیا جب جواب آیا تو سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ پلئیر نہیں رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ گھٹنے کی تکلیف کی وجہ سے ایک وقت لگا کہ اب کرکٹ میں واپسی مشکل ہے لیکن ری ہیب جاری رکھا، میری انجری کے دوران تقریباً 32 لاکھ روپے سے زائد کا خرچہ آیا جس کا آدھا اسلام آباد یونائیٹڈ کی فرنچائز نے اٹھایا۔

فاسٹ باؤلر نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے ایڈیشن میں انجری کا شکار ہوا تو کسی کرکٹر نے فون کرکے خیریت تک معلوم نہیں کی، البتہ دوسری ٹیم سے شین واٹسن میری طبعیت پوچھنے آگئے۔