پاکستان اور نیوزی لینڈ چوتھے ون ڈے میں آج مدمقابل

Published On 05 May,2023 03:38 am

کراچی : ( دنیا نیوز ) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری پانچ میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کا چوتھا میچ آج کھیلا جائے گا۔

دونوں ٹیمیں چوتھے ایک روزہ میچ کے لئے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں مدمقابل ہوں گی جبکہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے تین بجے شروع ہوگا۔

یاد رہے کہ پاکستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف 5 ون ڈے میچز کی سیریز میں تین صفر کی فیصلہ کُن برتری حاصل ہے ۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے دو میچز اور کراچی میں کھیلے گئے تیسرے میچ میں بابر الیون نے کیویز کو شکست دے کر 12 سال بعد مہمان ٹیم کے خلاف ون ڈے سیریز میں کامیابی سمیٹی ہے اور اب گرین شرٹس کی نظریں وائٹ واش پر ہیں۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے پاس انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) ون ڈے رینکنگ میں پہلی بار نمبر 1 پوزیشن حاصل کرنے کا سنہری موقع ہے۔

رپورٹس کے مطابق اگر پاکستان ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ یعنی سیریز کے بقیہ میچز جیت کر سیریز میں 5-0 سے کامیابی حاصل کرتی ہے تو وہ پہلی بار آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر براجمان ہوجائے گی۔

خیال رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پانچواں اور آخری ون ڈے اتوار کو کھیلا جائے گا۔