چوتھا ون ڈے : نیوزی لینڈ کا ٹاس جیت کر پاکستان کیخلاف باؤلنگ کا فیصلہ

Published On 05 May,2023 03:14 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے ون ڈے میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دے دی۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا چوتھا ون ڈے میچ کراچی میں کھیلا جارہا ہے۔

کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں کھیلے جانے والے میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں 5 اور نیوزی لینڈ ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

پاکستان ٹیم سے امام الحق ، شاداب خان ، عبداللہ شفیق ، نسیم شاہ اور محمد نواز چوتھا ون ڈے نہیں کھیل رہے۔

چوتھے ون ڈے کیلئے شان مسعود، افتخار احمد، محمد حارث، اسامہ میر اور حارث رؤف پلیئنگ الیون کا حصہ بن گئے ہیں۔

گرین شرٹس کو 5 میچز کی سیریز میں 3 صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے 2 میچز اور کراچی میں کھیلے گئے تیسرے میچ میں بابر الیون نے کیویز کو شکست دے کر 12 سال بعد مہمان ٹیم کے خلاف ون ڈے سیریز میں کامیابی سمیٹی ہے اور اب گرین شرٹس کی نظریں وائٹ واش پر ہیں۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے پاس انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) ون ڈے رینکنگ میں پہلی بار نمبر 1 پوزیشن حاصل کرنے کا سنہری موقع ہے۔

رپورٹس کے مطابق اگر پاکستان ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں کلین سویپ یعنی سیریز کے بقیہ میچز جیت کر سیریز میں 5-0 سے کامیابی حاصل کرتی ہے تو وہ پہلی بار آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر براجمان ہوجائے گی۔

خیال رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پانچواں اور آخری ون ڈے اتوار کو کھیلا جائے گا۔