ایشیا کپ کے نئے ہائبرڈ ماڈل نے بھارت کو مشکلات سے دوچار کر دیا

Published On 21 May,2023 10:39 am

لاہور: (ویب ڈیسک) ایشیا کپ کے نئے ہائبرڈ ماڈل اور 4 ممالک کی ہاں نے بھارت کو مشکلات سے دوچار کر دیا۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نجم سیٹھی کے ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کے حوالے سے سخت مؤقف نے بھی بھارت کو سوچنے پر مجبور کر دیا ہے۔

اے سی سی کے سربراہ اور بھارتی بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ کیلئے فیصلہ مشکل ہوگیا، نجم سیٹھی سے ملاقات کرنے والی اے سی سی کے نائب صدر نے جے شاہ کو تمام تر تفصیلات سے آگاہ کر دیا۔

4 ممالک کی رضا مندی کے بعد جے شاہ کیلئے آپشنز بہت کم رہ گئے ہیں، بھارت ہائبرڈ ماڈل پر رضا مندی کیلئے پاکستان کے ورلڈ کپ کیلئے بھارت آنے کی شرط رکھ سکتا ہے، پاکستان ہائبرڈ ماڈل کے مشروط ہونے پر حکومت سے مشاورت کرے گا۔

سری لنکا، بنگلادیش، نیپال اور افغانستان ہائبرڈ ماڈل کے پہلے مرحلے کیلئے پاکستان آنے کیلئے رضا مند ہیں، دوسرے مرحلے کیلئے دبئی اور سری لنکا پر ڈیڈ لاک ہے، پاکستان کے علاوہ دیگر ممالک سری لنکا میں ایشیا کپ انعقاد کے حامی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جے شاہ بی سی سی آئی کی سپیشل میٹنگ کے موقع پرعہدیداران سے ایشیا کپ پر بھی رائے لے سکتے ہیں، ان کی آئی پی ایل میں مصروفیات کے باعث ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کے معاملات التواء کا شکار ہیں۔

 

Advertisement