واروکشائر کا دو میچز کیلئے پاکستانی فاسٹ باؤلر میر حمزہ سے معاہدہ

Published On 18 July,2023 03:39 am

لندن : ( ویب ڈیسک ) انگلش کاؤنٹی کرکٹ کلب واروکشائر نے اپنے اگلے دو کاؤنٹی چیمپئن شپ میچز کے لیے پاکستانی فاسٹ باؤلر میر حمزہ سے معاہدہ کر لیا۔

30 سالہ میر حمزہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں 379 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں اور انہیں ہم وطن کھلاڑی حسن علی کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

میر کل سے شروع ہونے والے لنکاشائر اور 25 جولائی کو مڈل سیکس کے خلاف ہوم گیمز کے لیے دستیاب ہوں گے۔

بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر حمزہ کے پاس کاؤنٹی کرکٹ کا سابقہ تجربہ ہے، انہوں نے 2019 میں سسیکس کی جانب سے سات میچز کھیلے اور 24 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

واروکشائر کے ہیڈ کوچ مارک رابنسن نے کہا کہ حمزہ بائیں بازو کے کھلاڑی کے طور پر ہمارے باؤلنگ یونٹ کو ایک اور جہت فراہم کرے گا۔