کراچی: (دنیا نیوز) پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے اراکین نے پاکستان کرکٹ بورڈ مالی سال 24-2023 کا بجٹ متفقہ طور پر منظور کرلیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس کراچی میں ہوا جہاں چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے آئی سی سی فنانشل ماڈل پر اراکین کو اعتماد میں لیا، کمیٹی کے 10 میں سے 2 ارکان مصطفیٰ رمدے اور ذوالفقار ملک اجلاس میں آن لائن شریک ہوئے۔
مینجمنٹ کمیٹی کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے بجٹ کے بارے میں بریفنگ دی گئی جس کے بعد کمیٹی کے اراکین نے متفقہ طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے مالی سال 24-2023 کا بجٹ منظور کرلیا۔
دوران اجلاس پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی میں اختلاف بھی سامنے آئے جس میں چیئرمین ذکا اشرف کو اراکین کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑا، اراکین نے سوال اٹھایا کہ لیگل ٹیم ہوتے ہوئے ذکا اشرف کے ذاتی وکیل کی کیا ضرورت ہے اور ہر سماعت پر 15 لاکھ روپے بورڈ سے کیوں دیے جاتے ہیں۔
کراچی کے نجی ہوٹل میں جاری پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی اجلاس کے ایجنڈے میں 6 نکات شامل تھے، اجلاس میں گزشتہ اجلاس کے تمام فیصلوں کی توثیق کروائی گی اور آئی سی سی، اے سی سی اور پی سی بی معاملات پر اراکین کو اعتماد میں لیا گیا۔
علاوہ ازیں انفراسڑکچر پروجیکٹ کے حوالے سے اپڈیٹ بھی ایجنڈے کا حصہ تھی جبکہ بجٹ، اخراجات اور آمدنی کے حوالے سے بھی اراکین کو اعتماد میں لیا گیا۔