ذکاء اشرف کی قومی ٹیم کو عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر مبارکباد

Published On 27 August,2023 08:55 am

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو ون ڈے انٹرنیشنل کی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر مبارک باد دی ہے۔

ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ یہ کارنامہ پاکستان ٹیم کی سخت محنت، لگن اور اتحاد کی عکاسی کرتا ہے کہ ہمارے باصلاحیت کرکٹرز کھیل پر کتنے فوکس ہیں، یہ ہم سب کیلئے قابل فخر موقع ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے ون ڈے انٹرنیشنل کی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن دوبارہ حاصل کر لی ہے۔

انہوں نے پوری ٹیم اور کوچنگ سٹاف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان سب نے اپنی مشترکہ کوششوں اور محنت کے ذریعے پاکستان کا پرچم سر بلند کیا ہے۔

ذکاء اشرف کا کہنا تھا کہ ہمارے شائقین کا جوش و جذبہ کھلاڑیوں کے حوصلے بڑھانے کے سلسلے میں مثالی رہا ہے، پاکستان ٹیم کا عالمی نمبر ایک بننا اس کی جانب سے شائقین کی اسی محبت کا بھرپور جواب ہے۔

چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی نے کہا کہ پاکستان ٹیم کو اب ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کھیلنا ہے لہٰذا ہم پرعزم ہیں کہ اپنی اس پوزیشن کو برقرار رکھیں گے اور کھیل کے تمام فارمیٹس میں شاندار کارکردگی کو جاری رکھیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا سفر ابھی شروع ہوا ہے اور امید ہے کہ کھلاڑیوں، منیجمنٹ اور شائقین کی مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں پاکستان ٹیم بلندیوں کو چھوئے گی اور قوم کو مزید شاندار کامیابیوں کی خوشیاں فراہم کرے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے عالمی نمبر ایک رینکنگ افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز 0-3 سے جیتنے پر حاصل کی ہے۔