دوسرا ٹی 20: پاکستان ویمنز ٹیم نے جنوبی افریقہ کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

Published On 03 September,2023 10:48 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان ویمنز ٹیم نے جنوبی افریقہ کو 7 وکٹوں سے شکست دیکر تین میچز پر مشتمل ٹی 20 سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

پاکستان ویمنز ٹیم نے 151 رنز کا ہدف آخری اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، سدرہ امین نے 61 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، پاکستان ویمنز ٹیم کو تین میچوں کی سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہو گئی ہے۔

قبل ازیں کراچی نیشنل سٹیڈیم میں ہونیوالے پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ویمن کرکٹ ٹیموں کے درمیان ٹی 20 سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

 پاکستان کی جانب سے دعوت پر جنوبی افریقہ ویمنز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے تھے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے تزمین برٹس46 اور کپتان وولوارڈٹ 41 رنز بنا کر نمایاں رہیں، پاکستان کی جانب سے سعدیہ اقبال اور ناشرہ سندھو نے ایک ،ایک وکٹ حاصل کی۔