کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور دیگر کھلاڑیوں کے حق میں سامنے آ گئے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد نے کہا کہ ہماری ٹیم ایسی نہیں ہے جس طرح وہ ہاری، ہمیں غلطیوں سے سبق سیکھنا ہو گا، ہر بیٹر کو پتہ ہے کہ فاسٹ بولر یا سپنر کیا کر سکتا ہے، پلیئر کو پتہ ہونا چاہیے کہ بولر کو کیسے فیس کرنا ہے۔
جاوید میانداد نے قومی کھلاڑیوں کو مشورہ دیا کہ پریکٹس میں ممکنہ مقابلے کے حساب سے تیاری کریں، انڈیا میں بھی وہی کرکٹ کھیلنی ہے جو دنیا میں کہیں اور کھیلتے ہیں، آپ کو ہر کنڈیشن کے مطابق خود کو تیار کرنا ہوتا ہے۔
کپتان پر تنقید کے حوالے سے جاوید میانداد کا کہنا تھا اگر پوری ٹیم کچھ نہیں کر رہی تو کپتان پر تنقید کیا کریں، فیصلہ سازی کی مہارت تجربے کے ساتھ آتی ہے، ورلڈ کپ انڈیا میں ہو یا کہیں اور، کرکٹ تو بدل نہیں جائے گی۔
قبل ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ کی ٹیکنیکل کمیٹی کے سربراہ مصباح الحق نے بھی ٹیم کی حمایت میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ ہماری یہی ٹیم بہتر ہے، بھارت سے شکست کی وجہ صرف کپتان نہیں ہے۔