’ڈوبا ہوا بھی ہے تیرے بابا کا دل‘، آفریدی کی بیٹی، داماد کے ہمراہ تصویر وائرل

Published On 20 September,2023 11:42 am

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی بیٹی انشا آفریدی کی رخصتی کی تقریب گزشتہ شب کراچی کے نجی ہوٹل میں ہوئی اور اس موقع پر سابق کپتان نے بیٹی اور داماد کے ہمراہ چند اشعار کے ساتھ تصویر شیئر کی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بیٹی انشا اور داماد شاہین آفریدی کے ہمراہ رخصتی کی تقریب سے لی گئی خوبصورت تصاویر شیئر کرتے ہوئے پوسٹ کی۔

شاہد آفریدی نے لکھا کہ ’آیا تھا گھر میں نور ابھی کل کی بات ہے، رخصت بھی ہو رہا ہے وہ آنکھوں کے سامنے، ڈوبا ہوا بھی ہے ترے بابا کا دل مگر، امید صبح نو اسے آئی ہے تھامنے‘۔

اس تصویر میں شاہد آفریدی انتہائی خوشگوار موڈ میں بیٹی اور داماد کے ساتھ موجود ہیں اور یہ تصویر سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو گئی ہے۔

شاہین آفریدی دلہن لینے بارات لے کر مقامی ہال پہنچے تھے، شادی کی تقریب میں کرکٹرز اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم ، مصباح الحق، سعید انور ، تنویر احمد اور سہیل خان بھی تقریب میں موجود تھے جبکہ اس موقع پر کپتان بابراعظم کی آمد پر شاہین اور شاہد آفریدی نے ان کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔

واضح رہے کہ شاہین آفریدی اور انشا کا رواں برس فروری کے آغاز میں کراچی میں نکاح ہوا تھا، شاہین آفریدی اور انشا کا ولیمہ 21 ستمبر کو اسلام آباد میں ہو گا۔