نئی دہلی: (ویب ڈیسک) معروف بھارتی کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے نے ورلڈکپ 2023 کیلئے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو پاکستان کے لیے کپتان بابر اعظم سے زیادہ اہم قرار دے دیا۔
نجی ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے ہرشا بھوگلے کا کہنا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی ایک طرح سے بابر اعظم سے زیادہ اہم ہے کیوں کہ اگر شاہین ایشیا کپ میں شروعات کے 10 اوورز میں وکٹیں نہ لیتے تو آپ دیکھ سکتے کہ پھر کیا ہوتا، اگر پاکستان کو پاور پلے میں وکٹیں نہ ملیں تو ان کی بولنگ سائیڈ مختلف ہو جاتی ہے، پاکستان ٹیم کیلئے نسیم شاہ کی غیر موجودگی بھی ایک بہت بڑا خلا ہے۔
ہرشا بھوگلے کا کہنا تھا کہ پاکستانی سپنرز کو اچھا کھیل پیش کرنے کی ضرورت ہوگی، میرے خیال میں پاکستان کی صورتحال کچھ اس طرح سے ہوگی کہ کیا پاکستان کے اوپنرز اچھا کھیل پیش کرپائیں گے؟ یا پھر کیا پاکستان کے سپنرز مڈل اوورز میں اچھی گیند کرسکیں گے؟
ہرشا بھوگلے نے اپنی گفتگو میں پاکستان کے مڈل آرڈرز بیٹرز کیلئےغیر یقینی جیسے الفاظ استعمال کیے اور کہا کہ محمد رضوان، سلمان علی آغا، افتخار احمد اور سعود شکیل اچھے کرکٹر ہیں لیکن کیا آپ ورلڈ کپ جیتنے کے لیے ان پر بھروسہ کر سکتے ہیں؟ ہم دیکھنے کیلئے منتظر ہیں، اگر وہ ایسا کرتے ہیں تو یہ پاکستان کے لیے بہت اچھا ہے۔
بھارتی کمنٹیٹر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے سکواڈ کیلئے جن3 سپنرز کو منتخب کیا گیا ہے وہ بیٹنگ بھی کرسکتے ہیں، شاداب ان میں ایک اچھے بیٹر ہیں، نواز بیٹنگ کر سکتے ہیں ۔