دوسرا وارم اپ میچ: آسٹریلیا نے پاکستان کو 14 رنز سے شکست دیدی

Published On 03 October,2023 09:11 pm

حیدر آباد: (دنیا نیوز) آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 14 رنز سے شکست دیدی۔

راجیو گاندھی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جارہے وارم اپ میچ میں آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 351 رنز بنائے۔

352 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 47.4 اوورز میں 337 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، بابر اعظم کے 90 اور افتخار احمد کے 83 رنز بھی کسی کام نہ آئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے اوپنر ڈیوڈ وارنر اور مچل مارش نے 83 رنز کا آغاز فراہم کیا، تاہم وارنر 48 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے، گلین میکسویل 77، مارنس لبوشین 40 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے اسامہ میر نے 2 جبکہ محمد نواز، حارث رؤف، محمد وسیم اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی جبکہ ایک کھلاڑی کو کپتان شاداب خان نے رن آؤٹ کیا۔

پاکستان کی جانب سے بابر اعظم اور افتخار احمد نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا، افتخار احمد 83 رنز بنا کر آؤٹ جبکہ بابراعظم 90 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہوگئے، دیگر کھلاڑیوں میں امام الحق 16 اور فخر زمان 22 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

عبداللہ شفیق 12، کپتان شاداب خان 9، آغا سلمان 10 ، محمد نواز 50، اسامہ میر 15، حسن علی 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

دوسری جانب کینگروز کے خلاف میچ میں شاداب خان کو کپتانی کے فرائض سونپے گئے تھے جبکہ کپتان بابراعظم بیٹنگ کیلئے آئے تاہم فیلڈنگ کیلئے دستیاب نہیں تھے، اسی طرح محمد رضوان کی جگہ محمد حارث کو موقع دیا گیا تھا۔