آسٹریلیا کیخلاف میچ میں حسن علی کا نیا ٹیلنٹ سامنے آ گیا، ساتھی کرکٹرز بھی حیران

Published On 04 October,2023 03:38 am

لاہور: (ویب ڈیسک) منگل کے روز ہونے والے آسٹریلیا کیخلاف وارم اَپ میچ میں حسن علی کا فیلڈنگ کے دوران ایک نیا ٹیلنٹ سامنے آ گیا جسے دیکھ کر ساتھی کرکٹرز حیران رہ گئے۔

حیدر آباد دکن کے راجیو گاندھی سٹیڈیم میں آسٹریلیا کیخلاف دوسرے وارم اپ میچ کے دوران حسن علی نے باؤنڈری لائن کے قریب فیلڈنگ کا ایسا منفرد مظاہرہ کیا جس نے نہ صرف ساتھی کرکٹرز کو حیران کر دیا بلکہ کمنٹیٹرز بھی ان کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔

وارم اپ میچ کی پہلی اننگز کے 25 ویں اوور میں حارث رؤف کی گیند پر آسٹریلوی بلے باز نے ڈیپ بیک ورڈ پوائنٹ کی طرف شاٹ لگایا تو حسن علی بال کو باؤنڈری کے پار جانے سے روکنے کیلئے بھاگتے ہوئے آئے۔

حسن علی بھانپ گئے تھے کہ وہ گیند کو ہاتھ سے نہیں روک سکیں گے لہٰذا انہوں نے اپنی فٹ بال سکلز کو استعمال کرتے ہوئے کک لگا کر بال کو باؤنڈری کے باہر جانے سے روک دیا۔

حسن علی اپنی فیلڈنگ کی بدولت دو رنز بچانے میں کامیاب رہے جس پر بابر اعظم کی غیر موجودگی میں کپتانی کرنے والے شاداب خان نے مسکرا کر ان کی کوشش کو سراہا جبکہ حارث رؤف بھی مسکرائے بغیر نہ رہ سکے۔