لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف پاک بھارت میچ دیکھنے کیلئے آج بھارت روانہ ہوں گے۔
ذکا اشرف نے کہا ہے کہ میں نے بھارت جانا مؤخر کر دیا تھا لیکن اب اس بات کی تصدیق کے بعد بھارت جا رہا ہوں کہ پاکستانی صحافیوں کو میگا ایونٹ کی کوریج کیلئے ویزا حاصل کرنے کیلئے اپنے پاسپورٹ جمع کرانے کو کہا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خوشی ہے کہ دفتر خارجہ کے ساتھ بات چیت نے ویزے میں تاخیر کے حوالے سے مثبت پیشرفت حاصل کرنے میں مدد کی، میں اس بات پر بھی بہت خوش ہوں کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ میں اب تک عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور دونوں میچز میں فتح حاصل کی ہے۔
چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف نے مزید کہا ہے کہ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی اور پوری قوم ان کھلاڑیوں کے ساتھ ہے، بھارت جانے کا مقصد پاکستانی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنا ہے، بھارت کیخلاف اہم میچ سے قبل ٹیم کیلئے یہی پیغام ہے کہ لڑکے بے خوف ہو کر کھیلیں۔
دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ کی جانب سے ذکا اشرف کے دورہ بھارت کے فیصلے کا خیرمقدم کیا گیا، جے شاہ نے ذکا اشرف کوان کے بھارت کے دورے کے موقع پر خوش آمدید کہا ہے۔
اس سے قبل جے شاہ اور ذکا اشرف کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں جے شاہ نے ذکا اشرف کے بھارت آنے پر خوشی کا اظہار کیا تھا، جے شاہ نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ وہ ذکا اشرف کے بھارت میں قیام کے دوران ان کی دیگر آفیشلز سے ملاقاتوں کا اہتمام بھی کرائیں گے۔
واضح رہے کہ ذکا اشرف آج بروز جمعرات کو بی سی سی آئی کی دعوت پر بھارت روانہ ہوں گے جہاں وہ 14 اکتوبر کو احمد آباد میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ورلڈ کپ کا میچ دیکھیں گے۔