لاہور: (دنیا نیوز) ورلڈ کپ کے ہائی وولٹیج میچ میں قومی ٹیم کا حوصلہ بڑھانے کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف بھارت پہنچ گئے ہیں۔
ذکا اشرف دبئی کے راستے بھارت پہنچے ہیں، بی سی سی آئی کی خصوصی دعوت پر وہ 14 اکتوبر کو احمد آباد کے نریند مودی سٹیڈیم میں ہونے والا پاک بھارت میچ دیکھیں گے اس کے علاوہ بی سی سی آئی سیکرٹری جے شاہ سے ملاقات بھی کریں گے، بھارت میں قیام کے دوران ذکاء اشرف کی دیگر حکام سے ملاقاتوں کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔
بھارت روانگی سے قبل چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف کا کہنا تھا کہ بھارت جانے کا مقصد پاکستانی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنا ہے، پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی اور پوری قوم کھلاڑیوں کے ساتھ ہے، بھارت کیخلاف میچ سے قبل ٹیم کیلئے یہی پیغام ہے کہ لڑکے بے خوف ہو کر کھیلیں۔
ذکا اشرف نے مزید کہا تھا کہ میں نے بھارت جانا مؤخر کر دیا تھا لیکن اس بات کی تصدیق کے بعد بھارت جا رہا ہوں کہ پاکستانی صحافیوں کو میگا ایونٹ کی کوریج کیلئے ویزا حاصل کرنے کیلئے اپنے پاسپورٹ جمع کرانے کو کہا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خوشی ہے کہ دفتر خارجہ کے ساتھ بات چیت نے ویزے میں تاخیر کے حوالے سے مثبت پیشرفت حاصل کرنے میں مدد کی، میں اس بات پر بھی بہت خوش ہوں کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ میں اب تک عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور دونوں میچز میں فتح حاصل کی ہے۔