احمد آباد: (دنیا نیوز) کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے سب سے بڑے ٹاکرے سے قبل آج موسیقی کی رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔
پاک بھارت میچ سے قبل موسیقی کی تقریب منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں بالی ووڈ کے معروف گلوکار اپنے سر بکھیرتے نظر آئیں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 14 اکتوبر کو احمد آباد میں پاک بھارت میچ سے قبل موسیقی کی تقریب منعقد کی جائے گی، تقریب دن 12 بج کر 40 منٹ پر شروع اور 1 بج کر 10 منٹ پر اختتام پذیر ہوگی۔
بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ان بالی ووڈ گلوکاروں کی فہرست جاری کی ہے جو پاک بھارت میچ سے قبل ہونے والی تقریب میں شرکت کریں گے۔
— BCCI (@BCCI) October 12, 2023
بھارتی کرکٹ بورڈ کے مطابق گلوکار اریجیت سنگھ، شنکر مہادیون اور سکھویندر سنگھ پاکستان اور بھارت کے میچ سے قبل اپنی گلوکاری سے شائقین سمیت کھلاڑیوں کو پرجوش کریں گے۔
— BCCI (@BCCI) October 12, 2023
نریندرا مودی کرکٹ سٹیڈیم احمد آباد میں ہونیوالی تقریب میں آتشبازی کا مظاہرہ کیا جائے گا، آئی سی سی، گلوبل کرکٹ باڈی اور بی سی سی آئی کے نمائندگان سمیت ایونٹ میں شامل تمام 10 ٹیموں کے کپتان بھی شرکت کریں گے۔
— BCCI (@BCCI) October 12, 2023
پاک بھارت شائقین سمیت دونوں ممالک کے شوبز ستاروں کو بھی بے صبری سے ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے میچ کا انتظار ہے، اس میچ کو دیکھنے کے لیے بھارت کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن اور رجنی کانت کو گولڈن ٹکٹ بھی دیا گیا ہے۔