ورلڈ کپ کا ہائی وولٹیج ٹاکرا: پاکستان کی بیٹنگ لائن فلاپ، بھارت کی 7 وکٹوں سے فتح

Published On 14 October,2023 01:02 pm

احمد آباد: (دنیا نیوز) آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کے سب سے بڑے ٹاکرے میں بھارت نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر فتح سمیٹ لی۔

پاکستان کے 192 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت نے اننگز کا جارحانہ آغاز کیا تاہم تیسرے ہی اوور میں شبمن گل شاہین شاہ آفریدی کی بال پر شاداب خان کو کیچ تھما بیٹھے، بھارتی اوپنر نے 11 بالز پر 4 چوکوں کی مدد سے 16 رنز بنائے۔

شبمن گل کے بعد ویرات کوہلی بھی متاثر کن اننگز نہ کھیل سکے، ویرات کوہلی 18 گیندوں پر 16 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

بھارتی کپتان روہت شرما نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 63 گیندوں پر 6 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے شاندار 86 رنز کی اننگز کھیلی، روہت شرما شاہین کی گیند پر کیچ تھما کر پویلین لوٹے۔

روہت شرما کے آؤٹ ہونے کے بعد شریاس اور کے ایل راہول نے جم کر بیٹنگ کی اور 30ویں اوور کی تیسری بال پر مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا، شریاس نے ناقابل شکست 63 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کے ایل راہول 19 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 2 جبکہ حسن علی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی اننگز

 میچ کی پہلی اننگز میں قومی کرکٹ ٹیم کی بیٹنگ لائن شروع سے ہی مشکلات کا شکار رہی، اوپنر بلے باز عبداللہ شفیق 20 رنز بنا کر محمد سراج کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے جبکہ امام الحق 36 رنز پر ہاردک پانڈیا کی گیند کا شکار بنے۔

 ابتدائی 2 وکٹیں گرنے کے بعد کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو سنبھالا دیا، تاہم بابر اعظم 50 رنز پر سراج کی گیند پر پویلین لوٹ گئے، سعود شکیل بھی 6 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جبکہ افتخار احمد 4 رنز بنا کر کلدیپ کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

اس کے بعد بھی پاکستان کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ نہ رک سکا، وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو 49 رنز پر بمراہ نے کلین بولڈ کر دیا جبکہ نائب کپتان شاداب خان بھی جسپریت کا شکار بن گئے، دیگر کھلاڑیوں میں حسن علی نے 12، محمد نواز 4 اور حارث رؤف نے 2 رنز کی اننگز کھیلی۔

بھارت کی جانب سے بمراہ، سراج، ہاردک پانڈیا، کلدیپ یادیو اور جڈیجا نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان میچ احمد آباد میں نریندرا مودی سٹیڈیم میں کھیلا گیا جس میں قومی ٹیم کی قیادت بابر اعظم اور بھارت کی کمان روہت شرما کے ہاتھوں میں تھی۔

ٹاس

 ٹاس کے موقع کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ٹاس جیتتے تو ہم بھی پہلے فیلڈنگ ہی کرتے، ٹیم کا مورال بلند ہے، کوئی تبدیلی نہیں کی، وننگ کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اتر رہے ہیں، بھارت کو بڑا ٹارگٹ دینے کی کوشش کریں گے۔

دوسری جانب بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ شائقین کرکٹ کا جذبہ دیدنی ہے، آج کے میچ سے بڑھ کر کوئی مقابلہ نہیں ہو سکتا، شبمن گل کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ ورلڈکپ 2023ء میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی یہ پہلی شکست ہے، قومی ٹیم اس سے پہلے نیدرلینڈز اور سری لنکا کے خلاف کھیلے جانے والے اپنے دونوں میچز جیت چکی ہے جبکہ بھارت نے آج ایونٹ میں مسلسل تیسری فتح حاصل کی ہے۔