احمد آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے کہا ہے کہ آج کا میچ آئی سی سی ایونٹ نہیں بلکہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کا ہوم ایونٹ لگا، پاکستان کیلئے نعرے کم ہی لگائے گئے۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ آج ہم نے اچھا نہیں کھیلا، 155 سے 191 پر آؤٹ ہو جانا مناسب نہیں، یہ ایک بڑا میچ تھا، ہم اس وکٹ پر اچھا سکور کر سکتے تھے، بھارت نے اچھی باؤلنگ کی ہم ان پر جوابی پریشر نہیں ڈال سکے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک موقع پر اچھا کھیلا لیکن اس کو لمبا نہ لے جا سکے، بیٹرز سے زیادہ امید تھی، پلیئرز ہر میچ میں اچھا کھیلنے کی کوشش کر رہے ہیں، آج آف کلر تھے، ہم ہر میچ جیتنے کیلئے میدان میں اترتے ہیں۔
مکی آرتھر کا مزید کہنا تھا کہ ماضی کے ریکارڈز صرف میڈیا پر چلتے ہیں، یہ لمبا ورلڈ کپ ہے، ہم 3 میں سے 2 میچ جیتے ہیں، کوئی پینک نہیں کریں گے، تحمل کے ساتھ اگلے میچ پر فوکس کریں گے۔