لاہور: (دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے تینوں فارمیٹ کی کپتانی سے استعفے کا اعلان کر دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں بابر اعظم نے کہا کہ مجھے وہ لمحہ اچھی طرح یاد ہے جب مجھے پی سی بی کی جانب سے 2019ء میں پاکستان کی قیادت کرنے کی کال موصول ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: ذکا اشرف نے کوچنگ سٹاف کو آسٹریلیا سیریز میں کام کرنے سے روک دیا
انہوں نے کہا کہ پچھلے 4 برسوں میں، میں نے میدان کے اندر اور باہر بہت سے عروج و زوال دیکھے لیکن میرا مقصد پورے خلوص اور جذبے کے ساتھ پاکستان کے وقار اور عزت کو برقرار رکھنا ہے۔
بابر اعظم نے کہا کہ وائٹ بال فارمیٹ میں نمبر 1 پر پہنچنا تمام کھلاڑیوں، کوچز اور انتظامیہ کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ تھا، میں اس دوران شائقین کرکٹ کی جانب سے اپنی پُرجوش حمایت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
— Babar Azam (@babarazam258) November 15, 2023
انہوں نے کہا کہ آج میں تمام فارمیٹس میں پاکستان کی کپتانی چھوڑ رہا ہوں، یہ ایک مشکل فیصلہ ہے لیکن مجھے لگتا ہے کہ اس کے لیے یہ صحیح وقت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ورلڈ کپ سیمی فائنل میں ریکارڈز کی بھرمار، کوہلی نے ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑ دیا
بابر اعظم نے کہا کہ میں تینوں فارمیٹس میں بطور کھلاڑی پاکستان کی نمائندگی کرتا رہوں گا، میں نئے کپتان اور ٹیم کے ساتھ اپنی حمایت اور تجربہ شیئر کرنے کے لیے موجود رہوں گا۔
انہوں نے کہا کہ کپتانی کی یہ اہم ذمہ داری سونپنے پر میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں، پاکستان زندہ باد۔