خوشی ہے کہ ایک بھارتی نے ہی میرا ریکارڈ توڑا، سچن ٹنڈولکر کی کوہلی کو مبارکباد

Published On 15 November,2023 08:42 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) لیجنڈ بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے اپنی سب سے زیادہ سنچریوں کا تاریخی ریکارڈ توڑنے اور نیا سنگ میل عبور کرنے پر ویرات کوہلی کو انوکھے انداز سے مبارک باد پیش کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا ہے۔

سچن ٹنڈولکر نے ویرات کوہلی کی بطور بلے باز تعریف کرتے ہوئے ایک واقعہ لکھا اور بتایا کہ ’جب پہلی بار ڈریسنگ روم میں تم (ویرات کوہلی) سے ملا تو تم نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر مذاق میں میرے پاؤں چھوئے تھے، جس پر میں اپنی ہنسی کو کنٹرول نہیں کرپارہا تھا‘۔

سچن نے لکھا کہ ’اس کے بعد تم نے اپنی صلاحیتوں اور جنون سے میرا دل جیت لیا، میں بہت خوش ہوں کہ ایک نوجوان کھلاڑی ویرات کوہلی کی صورت میں سامنے آیا، ’میرے لیے اس سے زیادہ خوشی کی کوئی اور بات نہیں کہ میرا ریکارڈ ایک بھارتی کھلاڑی نے اہم اور بڑے مقابلے ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں میرے ہی ہوم گراؤنڈ پر توڑ کر اعزاز اپنے نام کیا۔

واضح رہے کہ ورلڈکپ 2023 کے پہلے سیمی فائنل میں ویرات کوہلی نے 50ویں سنچری بنا کر سچن ٹنڈولکر کا تاریخ ساز ریکارڈ توڑا ہے۔، اس موقع پر ویرات کوہلی نے لیجنڈری کرکٹر کو بھی سٹیڈیم میں خراج تحسین پیش کیا۔