عمرگل اور سعید اجمل پاکستان کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچز مقرر

Published On 21 November,2023 12:31 pm

لاہور: (دنیا نیوز) عمرگل اور سعید اجمل کو پاکستانی کرکٹ ٹیم کا بالترتیب فاسٹ اور سپن باؤلنگ کوچ مقرر کردیا گیا۔

دونوں کا پہلا اسائنمنٹ آسٹریلیا میں ٹیسٹ اور نیوزی لینڈ میں ٹی 20 سیریز ہوگی۔

عمرگل اس سے قبل افغانستان کے خلاف 3 میچوں کی ٹی 20 سیریز میں باؤلنگ کوچ کی ذمہ داری نبھا چکے ہیں، اس کے علاوہ وہ گزشتہ سال ٹی 20 ورلڈ کپ میں افغانستان کی کرکٹ ٹیم اور پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے باؤلنگ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔

عمرگل نے 2003 میں شروع ہونے والے اپنے شاندار انٹرنیشنل کیریئر میں 47 ٹیسٹ میچوں میں 163، 130 ون ڈے انٹرنیشنل میں 179 اور 60 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں 85 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

سعید اجمل کا بین الاقوامی کیریئر

سابق عالمی نمبر ون ڈے انٹرنیشنل باؤلر سعید اجمل بھی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے دوروں میں اپنی ذمہ داریاں شروع کریں گے۔

انہوں نے 2008 میں اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا اور انٹرنیشنل کیریئر میں 35 ٹیسٹ 113 ون ڈے اور 64 ٹی 20 انٹرنیشنل میں مجموعی طور پر447 وکٹیں حاصل کیں وہ پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے سپن باؤلنگ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔

عمر گل

عمرگل نے اپنی تقرری کو اعزاز سمجھتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستانی ٹیم کے ساتھ اپنے سابقہ تجربے کی روشنی میں وہ کوچنگ کی مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے ٹیم کی باؤلنگ کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کی کوشش کریں گے۔

سعید اجمل

سعید اجمل نے بھی کہا کہ ذکا اشرف کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے اس ذمہ داری کے لیے موقع فراہم کیا، پاکستانی ٹیم میں سپن باؤلنگ کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے میں خوشی محسوس کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ میرا کیریئر اور تجربہ ٹیم میں سپن باؤلنگ کو آگے بڑھانے میں مدد گار ثابت ہو گا۔