لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر اور لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا ہے کہ فاسٹ باؤلر حارث رؤف کو ٹیسٹ کے بجائے ٹی 20 ورلڈکپ کے لیے تیار کیا جائے۔
حال ہی میں ختم ہونے والے آئی سی سی ورلڈکپ میں حارث رؤف مہنگے ترین باؤلر رہے ہیں، انہوں نے مجموعی طور پر 9 میچز میں 6.89 کی اوسط سے 527 رنز دیکر ٹورنامنٹ کے سب سے مہنگے باؤلر کا منفی ریکارڈ اپنے نام کیا۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ حارث رؤف کو خود کو ٹیسٹ کے لیے کلیئر کر دینا چاہیے، جس نے ایک سال سے ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا اس پر پریشر کیوں ڈالا جا رہا ہے، آپ نے ایک ٹیسٹ میچ اسے کھلایا تھا اور وہ ڈیڑھ دن میں ان فٹ ہو گیا تھا۔
عاقب جاوید کا کہنا تھا ایسا نہیں ہے کہ آپ نے خواہش ظاہر کی اور آپ ٹیسٹ کرکٹر بن گئے، اس کے لیے سالوں کی پریکٹس درکار ہوتی ہے، آپ کو دن میں تین سے چار سپیل کرنے پڑتے ہیں، 20 اوورز کرنے پڑ جاتے ہیں، کپتان، کوچ اور مینجمنٹ کو بھی سوچنا چاہیے کہ آپ نے ایک کھلاڑی کو جو ٹیسٹ کے لیے تیار ہی نہیں ہے اسے طویل فارمیٹ کی کرکٹ کھلا کر چھوڑنی ہے یا اس کھلاڑی کو جس فارمیٹ کے لیے وہ تیار ہے اسے اس میں کھلانا ہے، جس طرح حارث رؤف کو دکھایا جا رہا ہے وہ فاسٹ باؤلر کے ساتھ ناانصافی ہے، اگر حارث آسٹریلیا جاتا اور کھیلتا تو شاید وہ ان فٹ ہو جاتا۔
عاقب جاوید نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کو مشورہ دیا کہ آپ حارث کو ٹیسٹ کے بجائے اگلے ٹی 20 ورلڈکپ کے لیے تیار کریں، اسے نیشنل ٹی 20 کپ کھلائیں اور نیوزی لینڈ کے خلاف 5 ٹی 20 میچوں کی سیریز کھلائیں اور پھر دیکھیں کہ حارث کو کیسے ٹی 20 ورلڈکپ میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔