لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق غیر ملکی کوچز کے مستقبل کا فیصلہ اگلے ڈیڑھ سے دو ہفتوں میں ہوگا۔
ذرائع کے مطابق سابق ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر، ہیڈکوچ گرانٹ بریڈبرن، بیٹنگ کوچ اینڈریوپیوٹک تاحال چھٹیوں پر ہیں، گزشتہ ماہ کے وسط میں ان تینوں کے پورٹ فولیو تبدیل کر دیئے گئے تھے۔
پی سی بی نے ان کوچز کے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کام کرنے کا اعلان کیا تھا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ کوچز پورٹ فولیو تبدیل ہوتے ہی چھٹیوں پر چلے گئے تھے، پی سی بی کوچز کے ساتھ معاملات کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہے، کوچز کے معاہدوں کی قانونی حیثیت کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق ممکنہ طور پر کوچز کے معاہدوں کو کسی طرح ختم کرنے کے آپشن پر کام ہو رہا ہے، پی سی بی اگلے ایک دو ہفتوں کے دوران اس معاملے کو حتمی شکل دینے کے لیے پر امید ہے۔