بحیثیت ٹیم آسٹریلیا کیخلاف کچھ مختلف کرنے کی کوشش کرینگے: شان مسعود

Published On 13 December,2023 12:18 pm

پرتھ: (ویب ڈیسک) قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہےکہ بحیثیت ٹیم آسٹریلیا کیخلاف کچھ مختلف کرنے کی کوشش کرینگے۔

پرتھ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شان مسعود کا کہنا تھا کہ ہم متاثر کن انداز میں کھیلنے کی کوشش کریں گے کیونکہ آسٹریلیا ایک بہترین جگہ ہے جہاں ہم اچھا کھیل کر کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔

قومی کپتان نے کہا کہ بحیثیت ٹیم ہم خود کو کنڈیشنز کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کرتے ہیں، ہمارے لیے اہم خود کو کنڈیشنز کے مطابق تیار کرنا ہے۔

شان مسعود نے کہا کہ ہم متاثر کن انداز میں کھیلنے کی کوشش کریں گے، اگر ہم اچھا نہ کرسکے تو پھر دیکھیں گے کہ کہاں غلطیاں ہوئیں، آسٹریلیا ایک بہترین جگہ ہے، 5 روز تسلسل کے ساتھ کرکٹ کھیلی تو ٹیسٹ میں اچھا رزلٹ حاصل کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رضوان اور سرفراز احمد پاکستان کے ٹاپ کلاس وکٹ کیپر بیٹر ہیں ان کے درمیان فیصلہ کرنا مشکل ہے، دونوں کو کھلانے کا امکان ہر وقت موجود ہوتا ہے۔