پی ایس ایل 9 کا پہلا پلے آف: زلمی کو شکست، سلطانز کی فائنل میں انٹری

Published On 15 March,2024 12:18 am

کراچی: (دنیا نیوز) ایچ بی ایل پی ایس ایل کے 9 ویں سیزن کے پہلے کوالیفائر میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی، اسامہ میر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں ہونیوالے ٹورنامنٹ کے پہلے کوالیفائر میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 146 رنز بنائے، جواب میں ملتان سلطانز نے ہدف 18 اعشاریہ 3 اوورز میں پورا کر لیا۔

ملتان سلطانز کی جانب سے یاسر خان اور کپتان محمد رضوان نے بیٹنگ کا آغاز کیا، یاسر خان نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا جبکہ کپتان محمد رضوان ان کا ساتھ دیتے رہے، دونوں اوپنرز کے درمیان 61 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس کے بعد محمد رضوان عامر جمال کی گیند پر صائم ایوب کو کیپ دے بیٹھے، انہوں نے 21 بالز پر صرف 15 رنز بنائے۔

رضوان کے بعد آنے والے عثمان خان نے یاسر خان کا انداز اپناتے ہوئے باؤلرز کی خوب دھلائی کی اور 28 بالز کھیل کر 36 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ افتخار احمد نے بھی 8 بالز پر 22 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی، یوں 147 رنز کا ہدف ملتان سلطانز نے بآسانی پورا کر لیا، یاسر خان 37 بالز پر 51  رنز بنا کر نمایاں رہے، پشاور زلمی کی جانب سے مہران ممتاز، عامر جمال اور سلمان ارشاد نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پشاور زلمی کی جانب سے کپتان بابر اعظم 46 رنز بناکر ٹاپ سکورر رہے، کیڈمور نے 24، محمد حارث نے 22، صائم ایوب ایک، حسیب اللہ 3، رومین پاؤل 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ملتان سلطانز کی جانب سے کرس جارڈن اور اسامہ میر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، یوڈ ولی، محمد علی اور عباس آفریدی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پہلے پلے آف مرحلے کے مقابلے میں ہارنے کے بعد پشاور زلمی کی ٹیم کو آج اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ کے درمیان ہونے والے میچ کی فاتح ٹیم کے ساتھ کھیلنے کا ایک اور موقع ملے گا۔