ممبئی: (ویب ڈیسک) روہت شرما کی ریٹائرمنٹ کے بعد اب ہاردک پانڈیا بھارت کی ٹی 20 ٹیم کی کپتانی کے لیے مضبوط امیدوار بن گئے ہیں۔
یاد رہے کہ بھارت نے گزشتہ ماہ جنوبی افریقا کو شکست دے کر دوسری بار آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ اپنے نام کیا، ٹی 20 ورلڈکپ جیتنے کے بعد بھارتی کپتان روہت شرما نے اس فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق روہت شرما کی ریٹائرمنٹ کے بعد اب ہاردک پانڈیا کا ٹی 20 ٹیم کی کپتانی کے لیے نام سامنے آرہا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سری لنکا کے خلاف ٹی 20 سیریز میں ہاردک پانڈیا بھارتی ٹیم کے نئے کپتان ہوسکتے ہیں جبکہ فاسٹ باؤلر جسپریت بمراہ کو نائب کپتان بنائے جانے کا امکان ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کپتانی کیلئے سوریا کمار کا نام بھی زیر گردش ہے لیکن زیادہ امکان ہے کہ ہاردک پانڈیا بھارت کی ٹی 20 ٹیم کی قیادت کریں گے تاکہ وہ 2026 کے ٹی 20ورلڈکپ تک گروم ہوجائیں۔
واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم ان دنوں زمبابوے میں 5 میچز پر مشتمل ٹی 20 سیریز کھیل رہی ہے جس میں سینئر کھلاڑیوں کو آرام دے کر آئی پی ایل کے ٹاپ پرفارمز کو موقع دیا گیا ہے اور شبھمن گل عارضی طور پر ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔