اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ نے 21 اگست سے شروع ہونے والے بنگلا دیش کیخلاف پہلے ٹیسٹ میں مکمل پیس اٹیک کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس فیصلے کے نتیجے میں سپنر ابرار احمد اور ٹاپ آرڈر بیٹر کامران غلام کو ٹیسٹ سکواڈ سے ریلیز کرتے ہوئے پاکستان شاہینز کے سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
ابرار احمد، جو پاکستان ٹیسٹ سائیڈ کا حصہ تھے، اب بنگلا دیش اے کے خلاف پاکستان شاہینز کی نمائندگی کریں گے، یہ 4 روزہ میچ 20 اگست کو اسلام آباد کلب میں شروع ہوگا۔
سلیکٹرز نے انہیں ٹیسٹ میں بینچ پر بٹھانے کے بجائے شاہینز سکواڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وہ 30 اگست سے شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ سے قبل میچ پریکٹس حاصل کر سکیں۔
کامران غلام کو بھی پاکستان ٹیسٹ سکواڈ سے ریلیز کرتے ہوئے شاہینز کے لئے برقرار رکھا گیا ہے اور انہیں دوسرے 4 روزہ میچ کیلئے کپتان مقرر کیا گیا ہے جس کے اختتام کے بعد ابرار احمد اور کامران غلام دوبارہ ٹیسٹ سکواڈ جوائن کر لیں گے۔