پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز: قومی سکواڈ کیلئے مشاورت آئندہ ہفتے ہو گی

Published On 21 September,2024 04:51 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کے سلسلہ میں پاکستانی ٹیسٹ سکواڈ کے لیے مشاورت آئندہ ہفتے کے دوران ہو گی۔

ذرائع کے مطابق ریڈ بال ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی سلیکٹرز کے ساتھ مل کر ٹیم کو حتمی شکل دیں گے، ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کو تبدیل کرنے کا امکان نہیں۔

ریڈ بال ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی اتوار کو لاہور پہنچ رہے ہیں جبکہ وائٹ بال ہیڈ کوچ گیری کرسٹن پہلے ہی پاکستان میں موجود ہیں، دونوں فارمیٹ کے کوچ 23 ستمبر کو کنکشن کیمپ میں شریک ہوں گے، جیسن گلیسپی اور گیری کرسٹن بھی مستقبل کی منصوبہ بندی کے لیے ملاقات کریں گے۔

وائٹ بال ہیڈ کوچ گیری کرسٹن کی پاکستان موجودگی کے دوران پاکستان وائٹ بال ٹیم پر مشاورت ہو گی، انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے اختتام کے اگلے روز پاکستان وائٹ بال ٹیم نے آسٹریلیا روانہ ہونا ہے، پاکستان نے آسٹریلیا میں 4 سے 18 نومبر تک تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلنا ہے۔

دورہ آسٹریلیا کے بعد پاکستان ٹیم نے زمبابوے اور جنوبی افریقہ کا دورہ کرنا ہے، انگلینڈ کرکٹ ٹیم 2 اکتوبرکو ملتان پہنچے گی، انگلینڈ کرکٹ ٹیم ایک روز آرام کے بعد ملتان سٹیڈیم میں ٹریننگ کرے گی۔

پاکستان ٹیسٹ سکواڈ کے اراکین بھی 2 اکتوبر کو ملتان میں رپورٹ کریں گے، پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 7 اکتوبر سے شروع ہو گا۔