لاہور: (ویب ڈیسک) سابق قومی کرکٹر ظہیر عباس نے بابراعظم کو ٹیم سے فارغ کرنے کا مطالبہ کردیا۔
حال ہی میں سابق لیجنڈری کرکٹر ظہیر عباس ایک بین الاقوامی کرکٹ ٹاک شو میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے بابراعظم کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔
ظہیر عباس کا کہنا تھا کہ بابراعظم اہم بلے باز ہیں لیکن وہ پرفارم نہیں کرپارہے، وہ آؤٹ آف فارم ہیں، انہیں ٹیم سے ڈراپ کردینا چاہیے۔
انہوں نے بابر کا بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی سے موازنہ بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ویرات اور بابر کا موازنہ بے معنی ہے، ویرات ہر میچ میں رنز کرتے ہیں جبکہ بابر ہر میچ میں رنز نہیں کرتے تو آپ دونوں کا موازنہ کیسے کرسکتے ہیں؟
واضح رہے کہ ظہیر عباس کے بابر سے متعلق ریمارکس ان کی حال ہی میں بنگلادیش کے خلاف ناقص کارکردگی پر سامنے آئے ہیں، ناقص کارکردگی کے باعث بابر اعظم کئی سالوں بعد پہلی بار ٹاپ 10 بلے بازوں کی رینکنگ سے بھی باہر ہوگئے ہیں۔