کانپور: (ویب ڈیسک) بھارت کے سٹار کرکٹر ویرات کوہلی نے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کر کے سچن ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑ دیا۔
کانپور میں بنگلا دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے دوران ویرات کوہلی انٹرنیشنل کرکٹ میں تیز ترین 27000 رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے، انہوں نے صرف 594 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا۔
اس سے قبل تیز ترین 27 ہزار رنز بنانے کا ریکارڈ بھارت کے لیجنڈ بیٹسمین سچن ٹنڈولکر کے پاس تھا جنہوں نے 623 اننگز میں یہ سنگ میل حاصل کیا تھا۔
ویرات کوہلی 600 سے کم اننگز میں 27000 بین الاقوامی رنز مکمل کرنے والے واحد کرکٹر ہیں، آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ 650 اننگز اور سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگاکارا نے 648 اننگز میں 27 ہزار بین الاقوامی رنز بنائے تھے۔