دبئی: (دنیا نیوز) چیمپئنز ٹرافی سے کی میزبانی اور ہائبرڈ ماڈل سے متعلق حتمی فیصلہ آج ہونے کا امکان ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے اپنے مطالبے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) پر دباؤ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، ٹورنامنٹ کے ہائبرڈ پر کھیلے جانے کا قوی امکان ہے جبکہ 2027 تک بھارت میں شیڈول تمام ایونٹس کیلئے بھی ہائبرڈ ماڈل اپنایا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ہائبرڈ ماڈل اپنانے کیلئے اپنے مطالبات پیش کرتے ہوئے موقف اپنایا ہے کہ بھارت کی جانب سے ٹیم نہ بھیجنے کا سکیورٹی بہانہ فضول ہے، اگر بھارت پاکستان کیلئے نہیں آتا تو آئندہ کسی آئی سی سی ایونٹس میں اپنی ٹیم ہندوستان کی سرزمین پر نہیں بھیجیں گے۔
دونوں بورڈز کے درمیان غیر رسمی میٹنگ میں ہونے والے اتفاق کے مطابق فارمولا آئی سی سی کے ٹورنامنٹس پر لاگو ہوگا، چیمپئنز ٹرافی، ویمن ورلڈکپ، ٹی20 ورلڈکپ 2026 کے ایونٹ بھی اسی فارمولے کے تحت ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر پاک بھارت بورڈز کے درمیان ہونے والے معاملات کو ہوسٹ ایگریمنٹ میں درج کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے تاہم اس حوالے سے مزید کوئی معلومات سامنے نہیں آئیں۔
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی اگلے برس فروری اور مارچ میں پاکستان میں شیڈول ہے تاہم بھارتی ٹیم کے انکار کی وجہ سے شیڈول تاحال فائنل نہیں ہوسکا ہے۔