معاملات طے، چیمپئنز ٹرافی ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہوگی: بھارتی میڈیا کا دعویٰ

Published On 05 December,2024 10:55 pm

نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کیساتھ تمام معاملات طے پا گئے ہیں، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہوگی۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کی میزبانی میں چیمپئنزٹرافی ہائبرڈ ماڈل پر ہوگی، چیمپئنز ٹرافی میں بھارت اپنے میچز دبئی میں کھیلے گا، 3 سال تک پاکستان، بھارت ایک دوسرے کے ملک میں نہیں کھیلیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہی چیمپئنز ٹرافی کے تنازع کے دیرپا حل کیلئے پارٹنرشپ فارمولا پیش کیا تھا جس کے مطابق پاکستان اور بھارت دونوں ممالک ایک دوسرے کے ملک میں کوئی ایونٹ نہیں کھیلیں گے ۔

فارمولے میں کہا گیا تھا کہ بھارت دبئی میں میچز کھیلے گا اور پاکستان بھی اگلے 3 سال تک اپنے تمام میچز دبئی میں کھیلے گا، تاہم اس حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ یا آئی سی سی کی جانب سے کوئی باضابطہ جواب سامنے نہیں آیا تھا۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کا بھارتی میڈیا کے چیمپئنز ٹرافی کے معاملات حل ہوجانے کے دعوے پر ابھی کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔