لاہور: (ویب ڈیسک) آل راؤنڈر عماد وسیم کے بعد قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر نے بھی انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا۔
گزشتہ روز آل راؤنڈر عماد وسیم نے انٹرنیشنل کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کیا تھا، دونوں کھلاڑیوں نے آخری مرتبہ ٹی 20 ورلڈکپ 2024 میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہنے والے قومی فاسٹ باؤلر محمد عامر کا کہنا ہے کہ پاکستان کیلئے تینوں فارمیٹس کھیلنا اعزاز کی بات ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ میں جانتا ہوں یہ ایک مشکل فیصلہ ہے لیکن مجھے لگتا ہے یہ اگلی نسل کے لیے ذمہ داری سنبھالنے اور پاکستان کرکٹ کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کا صحیح وقت ہے۔
عامر نے کہا کہ میں پی سی بی کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا کہ انہوں نے کئی برسوں میں ہمیشہ انتہائی ضروری سپورٹ فراہم کی اور میں ٹیم کی کارکردگی کو دیکھنے کا منتظر ہوں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ میں پاکستانی شائقین کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہوں گا کہ انہوں نے میرے کیریئر میں ہمیشہ میری حمایت کی۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھی محمد عامر اور گزشتہ روز ریٹائر ہونے والے عماد وسیم کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ محمد عامر نے پاکستان کیلئے 36 ٹیسٹ، 81 ون ڈے اور 71 ٹی 20 میچز کھیلے ہیں جن میں انہوں نے مجموعی طور پر 271 وکٹیں حاصل کی ہیں۔