دوسرے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کیخلاف بڑا سکور کرکے شکست دینگے: سعود شکیل

Published On 24 January,2025 03:38 am

ملتان: (دنیا نیوز) قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان سعود شکیل نے کہا ہے کہ مہمان ویسٹ انڈیز ٹیم کو دوسرے ٹیسٹ میں بھی شکست دینے کے لئے میدان میں اتریں گے۔

قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان سعود شکیل نے ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میچ میں سب اہم چیز بڑا سکور کرنا ہوتاہے، ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں بڑے سکور کی اپروچ سے کھیلیں گے۔

سعود شکیل نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں جیت کے بعد ڈریسنگ روم کا اس وقت ماحول بہت اچھا ہے، ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ میری کارکردگی سے ٹیم جیتے، دوسرا ٹیسٹ میچ بھی جیتنے کیلئے پوری ٹیم پر امید ہے۔

نائب کپتان نے مزید کہا کہ ہم نے دیکھنا ہے کہ ہمیں کیا ٹاسک مل رہا ہے اور کیسے مکمل کرنا ہے، ٹیسٹ رینکنگ میں درجہ بندی بہتر ہونے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں سعود شکیل نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں رینکنگ اہم چیز ہے، آپ ٹاپ ٹین میں آجائیں تو خوشی ہوتی ہے۔

سعود شکیل نے پچ سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ ملتان کی پچ کافی مشکل ہے، ہمیں ڈومیسٹک میں بھی اس طرح کی پچز ملنی چاہیں، سپن کی پریکٹس کرنا آسان ہے، گھاس والی پچ پر نیا گیند بہت اہم ہوتا ہے، نئے گیند پر بیٹنگ کرنا مشکل ہوتا ہے، گریٹس بھی ایسی پچز پر کھیل کر گریٹس بنے ہیں۔