اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ تعلیم اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے ذریعے ہم ایک ماہر افرادی قوت تیار کر سکتے ہیں۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے عالمی یوم تعلیم کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ تعلیم افراد کو وہ مہارتیں، علم اور تخلیقی صلاحیتیں فراہم کرتی ہے جن کی آج کے تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی تجارتی ماحول میں کامیابی کے لیے ضرورت ہے، یہ جدت، کاروبار اور پائیدار ترقی کی بنیاد ہے۔
جام کمال نے کہا کہ ایک قوم کے طور پر ہم تعلیم اور صنعت کے درمیان ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کے لئے پرعزم ہیں تاکہ ہماری نوجوان نسل عالمی منڈی میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لئے تیار ہو۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ ہم سب مل کر تعلیم کو آگے بڑھانے اور سیکھنے، جدت اور تعاون کے کلچر کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کریں، مل کر ہم پاکستان اور اس کے عوام کے لیے ایک روشن اور خوشحال مستقبل کی راہ ہموار کر سکتے ہیں۔